خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں زلزلے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 90 کلومیٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلے کے بعد لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
چند روز قبل بھی سوات اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ زلزلے کی گہرائی 172 کلومیٹر اور مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلہ کیوں آتا ہے؟
زلزلہ بنیادی طور پر زمین کی اندرونی چٹانی تہوں میں اچانک حرکت اور ٹکراؤ کی وجہ سے آتا ہے، زمین کی بیرونی تہہ کئی بڑی بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے جو مسلسل حرکت کرتی رہتی ہیں۔ جب یہ پلیٹس ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں یا آپس میں رگڑ کھاتی ہیں تو ان کے درمیان شدید دباؤ پیدا ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ زمین کے اندر لاوے اور میگما کی حرارت یا آتش فشاں پھٹنے سے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔


