حکومت نے 14 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کمی کے مقابلے میں ڈیزل کی قیمت میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 392 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکل سواروں اور نجی گاڑیاں استعمال کرنے والے صارفین کو کچھ ریلیف ملے گا تاہم ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کا اثر مال برداری اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر محدود رہنے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ردوبدل ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور تیل کی ممکنہ رسد میں رکاوٹوں کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔
رائٹرز کے مطابق 12 اکتوبر کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 1.8 فیصد اضافے کے بعد 106.65 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 2 فیصد اضافے کے بعد 93.74 ڈالر فی بیرل رہی۔
تاہم 13 اکتوبر کو عالمی منڈی میں قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت گھٹ کر تقریباً 105.98 ڈالر فی بیرل رہ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت تقریباً 93.74 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہی۔
روس کی جانب سے ڈیزل کی اضافی رسد کے امکانات نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والے خدشات کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیسے مقرر ہوتی ہیں؟
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی منڈی میں تیار شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں، درآمدی اخراجات، پریمیم، فریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اور دیگر اخراجات میں تبدیلی کے مطابق کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، حکومتی ٹیکس اور لیویز بھی صارفین کے لیے مقرر کردہ حتمی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
اسی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لازماً اسی تناسب سے کم ہوں گی۔ مقامی قیمتوں کا انحصار درآمد کیے جانے والے تیار شدہ ایندھن کی قیمت اور دیگر متعلقہ اخراجات پر بھی ہوتا ہے۔


