وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی 10 بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں، جن کی فراہمی سے صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں مزید مؤثر ہوں گی۔
اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر گاڑیوں کی فوری منتقلی کی ہدایت کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خییر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال کے باعث گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے کی پولیس پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، انہیں جو بھی وسائل درکار ہوں گے وہ دیئے جائیں گے، ہماری پولیس فرنٹ لائن پر دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اولین ترجیح ہے۔ جبکہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔



