چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برازیل کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیلی عسکری وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں آمد پر برازیل کے اعلیٰ عسکری عہدیدار کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اورعسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی قیادت برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اورمشترکہ دلچسپی کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات کومستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان عسکری روابط کو مزید فروغ دینے اور دفاعی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی عسکری سربراہ نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کو دفاعی اور عسکری شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کے لیے رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کا فروغ باہمی تعلقات کو وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی عسکری وفد کے دورے کا مقصد پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس دورے کو دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط بڑھانے اور دفاعی شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔



