وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی فیول سبسڈی اسکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔
فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کراسکیم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ اس منصوبے کی کامیابی میں کردارادا کرنے والے وفاقی وزیر، وزرا، افسران اور متعلقہ محکموں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسکیم کے آغاز کے وقت مختلف سوالات اور خدشات موجود تھے، تاہم اجتماعی کوششوں، محنت اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اسے کامیاب بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں نے عوام کو سبسڈی کی فراہمی کے لیے بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں مستحق افراد تک ریلیف پہنچانے میں مدد ملی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موٹرسائیکل استعمال کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے جبکہ موٹرسائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان بھی فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا اور اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد اس سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ایک کروڑ افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے کے حساب سے ریلیف فراہم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت پہنچانے کے لیے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور افسران نے بہترین کام کیا، جس پر وہ سب مبارک باد اور تحسین کے مستحق ہیں۔
‘وزیراعظم نے وفاقی وزیر آئی ٹی کے لیے تمغے کا اعلان کیا’
وزیراعظم شہبازشریف نے فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے لیے تمغے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم پر عمل درآمد اوراسے کامیاب بنانے کے لیے مختلف محکموں کے حکام نے بھی نمایاں خدمات انجام دیں، جن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسکیم کی کامیابی کے لیے کام کرنے والے دیگرمحکموں کے حکام کو بھی شیلڈز دی جائیں گی تاکہ ان کی محنت اور کارکردگی کا اعتراف کیا جاسکے۔
ان کے مطابق حکومتی اقدامات کی کامیابی میں ٹیم ورک اوراداروں کے درمیان مؤثر رابطہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کرعوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کیا۔
صوبوں کے تعاون کے بغیر اس نوعیت کی اسکیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کرنا مشکل ہوتا، تاہم مشترکہ کاوشوں سے عوام تک سبسڈی پہنچانے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملی۔
وزرائے اعلیٰ کے تعاون پر اظہار تشکر
وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم کے سلسلے میں تعاون کرنے پر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وزرائے اعلیٰ کو اظہار تشکر کے خطوط بھی لکھے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسکیم میں شامل تمام متعلقہ وزرا، افسران اور محکموں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کیں۔ ان کی مشترکہ کوششوں سے عوام کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اقدام کو کامیابی ملی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے اوران کی مشکلات کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات میں متعلقہ اداروں کے تعاون کو اہمیت دی جائے گی۔



