ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) کے عہدے سے جینسن ہوانگ کے استعفیٰ کے بعد اب ان کی واپسی کے لیے مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک آن لائن مہم بھی جاری ہے جس میں چار روز میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔ ان لوگوں میں سلیکون ویلی کی معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔
سلیکون ویلی امریکی ریاست کیلی فورنیا کا وہ علاقہ ہے جو دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدید ایجادات اور بڑی ٹیک کمپنیوں جیسے گوگل، ایپل اور میٹا کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ نے غیر ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد چار روز قبل این ویڈیا کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ہوانگ کے ان تعلقات میں سے ایک تعلق مبینہ چینی جاسوس سے بھی بتایا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ’اسٹینڈ ود جینسن‘ کے نام سے شروع کی گئی اس مہم میں ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایک اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کمپنی ریپلٹ کے سی ای او امجد مسعد اور ایپک گیمز کے سی ای او ٹم سوینی کے نام بھی اس مہم پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ انہیں جینسن ہوانگ کی دوبارہ سی ای او کے عہدے پر واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد این ویڈیا کے حصص میں ابتدائی گراوٹ کسی حد تک کم ہوئی لیکن یہ بدستور ایک فیصد سے زیادہ پر برقرار تھی۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ ”میرا خیال ہے کہ انہوں (جینسن ہوانگ) نے ایک بڑا سبق سیکھا ہے۔“
مہم کی ویب سائٹ کے مطابق دستخط کرنے والوں میں سے 8 ہزار 400 سے زائد افراد نے خود کو این ویڈیا کا موجودہ ملازم ظاہر کیا جب کہ تقریباً 90 ہزار نے خود کو کمپنی کے حصص کا مالک یعنی شیئر ہولڈرز قرار دیا۔ البتہ دستخط کرنے والوں کی ملازمت اور پیشہ ورانہ وابستگی سے متعلق فراہم کردہ معلومات کی آزادانہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ویب سائٹ پر جاری ایک کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ ہم این ویڈیا کے موجودہ اور سابق ملازمین، شراکت دار، حصص دار اور حامی ہیں۔ ہم جینسن ہوانگ کے لیے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کمپنی کے بورڈ سے واضح مطالبہ کرتے ہیں کہ آزادانہ تحقیقات کے ذریعے حقائق کا تعین ہونے تک جینسن ہوانگ کو واپس بلایا جائے۔
یہ مہم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض نمایاں سرمایہ کار بھی این ویڈیا کے بورڈ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ہوانگ کی جگہ کسی دوسرے شخص کو تعینات کرنے میں جلد بازی نہ کرے۔ ایٹریڈیز منیجمنٹ کے گیون بیکر اور آلٹیمیٹر کیپیٹل منیجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو بریڈ گیرسٹنز نے ایک خط میں کہا ہے کہ بورڈ کو اس وقت تک انتظار کرنا چاہیے جب تک معاملے کے تمام حقائق سامنے نہیں آ جاتے۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ نے ملازمین کے ساتھ مبینہ غیر ازدوانی تعلقات کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد 12 نومبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان تعلقات میں ایک ایسی خاتون بھی شامل بتائی گئیں ہیں جو براہِ راست انہیں رپورٹ کرتی ہیں۔
اس صورتِ حال نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں اہم مقام رکھنے والی چپ ساز کمپنی این ویڈیا کو بحران سے دوچار کردیا ہے اور ٹیک صنعت میں ہلچل مچادی ہے۔ خیال رہے کہ اس صنعت کی مالی معاونت اور ترقی میں جینسن ہوانگ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
رائٹرز کے مطابق امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات تھے جو سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو رہ چکی ہیں۔ امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔

میگاسپیڈ این ویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چِپس خریدتی ہے۔ امریکی حکام اس کمپنی کی بھی اس شبہ میں جانچ کر چکے ہیں کہ اس نے بیجنگ کو ایسی جدید اے آئی چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جن کی چین کو ترسیل پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
این ویڈیا اور اس کے سربراہ کی اہمیت کیا ہے؟
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے 1993 میں کرس ملاکوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے وہ کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔
کمپنی ابتدا میں ویڈیو گیمز کے گرافکس کے لیے چِپس تیار کرتی تھی تاہم ہوانگ کی قیادت میں اس نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اور آج اے آئی پروسیسرز کی دنیا کی نمایاں ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 2022 کے اواخر میں چیٹ جی پی ٹی متعارف ہونے کے وقت این ویڈیا کی چِپس پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اہم مقام حاصل کرچکی تھیں۔ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو نومبر 2022 میں تقریباً 420 ارب ڈالر تھی جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر ہوگئی تھی۔


