امریکی حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران اس کے خلاف ممکنہ طور پر ’ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں‘ کا استعمال کر سکتا ہے۔ ایران کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر امریکی حکام نے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر غور کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے 7 امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کو ایسی معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے استعمال کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں مخصوص مقامات اور اہداف کی نشاندہی بھی کی گئی ہے تاہم امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اختلاف ہے کہ ایران کے پاس ایسے حملے کے لیے مطلوبہ افراد اور صلاحیت موجود ہے یا نہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بندی فی الحال ممکنہ حملے کے لیے مختلف آپشنز تیار رکھنے کی کوشش ہے اسے ایران کی جانب سے فوری حملے کی تیاری کا اشارہ نہیں سمجھا جا رہا۔
تاہم امریکی انٹیلی جنس نے جن منصوبوں کا پتا لگایا ہے وہ خاصے تفصیلی ہیں اور ان میں مقامات اور اہداف بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسی وجہ سے امریکی حکام نے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی تیز کر دی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا ’ہر ممکنہ خطرے پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کسی فوری حملے کا سامنا نہیں۔‘
امریکی حکام اس انٹیلی جنس کو ایران کی جانب سے تنازع میں مزید شدت پیدا کرنے کی کوشش سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایران ایک طرف امریکی فوجی حملوں اور سخت اقتصادی ناکہ بندی کے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے اور دوسری طرف امریکی سرزمین پر ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے۔ تاہم اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا کہ ایران نے ان منصوبوں پر عمل درآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔ گو کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنگ ’بہت جلد‘ ختم ہو جائے گی۔ تاہم اس تازہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پس پردہ امریکی حکام کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اس تنازع کی غیر یقینی اور غیر مستحکم صورت حال کو ظاہر کرتی ہیں۔
سی این این کے مطابق فروری میں شروع ہونے والی اس جنگ کی قیمت امریکی شہریوں کو صرف پیٹرول کی قیمتوں کی صورت میں ہی نہیں بلکہ دیگر طریقوں سے بھی چکانا پڑ سکتی ہے۔
سی این این کے مطابق امریکی ذرائع نے بتایا ہے کہ حکام نے گزشتہ ہفتے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کے لیے کئی اجلاس کیے۔ ذرائع نے اس منصوبہ بندی کو ’احتیاطی اقدام‘ قرار دیا۔ ایران کی جانب سے دھمکیوں کے بعد امریکی سیکریٹ سروس نے گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو بھی فوجی رہائش گاہ منتقل کر دیا تھا۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں
