وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کیلیے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا اعلان کر دیا، جبکہ قرضوں کے حصول کیلیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے یا جاری کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ہے۔ اس اسکیم کے تحت نوجوان زراعت، چھوٹی و درمیانی صنعتوں، تجارت اور دیگر شعبوں میں کاروباری منصوبوں کیلیے مالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں میں کاروباری رجحان کو فروغ دینے، ان کی معاشی خودمختاری بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے، زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے اور مالی معاونت کے پروگرام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کے پروگرام میں خواتین کیلیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ خواتین کو بھی کاروبار شروع کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 313.9 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں جنوری 2023 سے اب تک نوجوانوں کو 10 گنا زیادہ قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جو نوجوانوں کیلیے مالی معاونت کے پروگرام میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کیلیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی مالی معاونت کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے، قرضوں کے حصول اور کاروباری سرگرمیوں کو کامیابی سے آگے بڑھانے کے لیے ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کرے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا مشہود احمد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



