حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہونے کے بعد دوبارہ واپس پہنچ گئے۔
ان کی پارلیمنٹ سے روانگی کے موقع پر صحافیوں نے ان سے مذاکرات میں پیش رفت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے بانی پی ٹی آئی سے رابطے سے متعلق سوالات کیے۔
ہم نیوز نے وزیر داخلہ سے سوال کیا کہ کیا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کوئی کامیابی ہوئی ہے؟ محسن نقوی نے سوال کا جواب دینے کے بجائے صرف مسکرا کر ردعمل دیا اور آگے بڑھ گئے۔
صحافی نے ان سے دوسرا سوال کیا کہ کیا انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے رابطہ کروایا تھا؟ اس سوال پر بھی وزیر داخلہ مسکرائے تاہم کوئی جواب دیے بغیر پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس دوبارہ پہنچنے پر صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی بڑی خوشخبری ہے تو انہوں نے کہا کہ تھوڑی دیر انتظار کریں بتاتے ہیں۔
مذاکرات میں پیش رفت کے دعوے
وزیر داخلہ کی روانگی سے قبل رکن مذاکراتی کمیٹی نوید قمر نے کہا تھا کہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق فریقین کے درمیان مشترکہ ڈرافٹ اور اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کردیا جائے گا۔
نوید قمر کا کہنا تھا کہ اعلامیے کے بعض الفاظ میں تبدیلی کی جا رہی ہے اور حتمی مسودے کا انتظار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات میں کامیابی ہوئی تو اسے دونوں فریقوں کی مشترکہ کامیابی قرار دیا جائے گا۔
نوید قمر کے مطابق حتمی مشترکہ ڈرافٹ اور اعلامیے کے جاری ہونے کے بعد مذاکرات میں طے پانے والے نکات کی تفصیلات سامنے آجائیں گی۔



