ایشین گیمز مینز کرکٹ کے چاروں کوارٹر فائنلز بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستان، بنگلا دیش، بھارت اور سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
جاپان کے شہر نشین میں جاری ایشین گیمز مینز کرکٹ مقابلے میں بارش کے باعث چاروں کوارٹر فائنلز میں ایک بھی گیند نہیں کرائی جاسکی جس کے بعد چار ٹاپ ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان، بنگلا دیش جبکہ بھارت اور سری لنکا اب ایشین گیمز مینز کرکٹ مقابلے کے سیمی فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں سیمی فائنلز جمعرات کو نشین میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا سیمی فائنل یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کا مقابلہ بنگلا دیش سے ہوگا جو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا، دوسرا سیمی فائنل بھی یکم اکتوبر کو ہی ہوگا جس میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
نشین ہی سیمی فائنلز کے ساتھ ایشین گیمز کرکٹ کے دونوں میڈل میچز کی بھی میزبانی کرے گا۔ تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔
جمعرات کو بھی بارش کا خدشہ موجود ہے، تاہم موسم کی پیشگوئی کے مطابق حالات نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے باعث سیمی فائنلز کے انعقاد کی امید موجود ہے۔
بارش سے میچ متاثر ہونے کی صورت میں کیا ہوگا؟
ایشین گیمز مینز کرکٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں اگر کسی مقابلے کا فیصلہ برابر رہا تو فاتح ٹیم کا تعین سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیمی فائنل میں اگر موسمی حالات کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکے اور سپر اوور بھی نہ کرایا جاسکے تو ٹاپ ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
پاکستان اور بھارت اپنے اپنے گروپس میں ٹاپ پر ہیں۔ اس لیے اگر پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیمی فائنل موسم کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا تو پاکستان فائنل میں جائے گا، جبکہ بھارت اور سری لنکا کے سیمی فائنل میں بھی ایسی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں بھارت کو فائنل میں رسائی ملے گی۔
3 اکتوبر کو ہونے والے فائنل میں بھی بارش کی صورت میں الگ طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ اگر فائنل مکمل نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر گولڈ میڈل دیا جائے گا۔


