آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
اوگرا کے مطابق 2 اکتوبر 2026 سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 387.40 روپے سے بڑھ کر 390.66 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 400.35 روپے سے کم ہوکر 399.34 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، Platts ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند سطح پر
رائٹرز کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں حالیہ دنوں میں اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ یکم اکتوبر کو برینٹ خام تیل کے دسمبر کنٹریکٹ کی قیمت تقریباً 101 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ مارکیٹ میں سپلائی کے خدشات برقرار ہیں۔
عالمی مارکیٹ پر جغرافیائی کشیدگی کے ساتھ ساتھ چین کی جانب سے بعض خطوں کے لیے ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات معطل کیے جانے کے فیصلے نے بھی ایندھن کی سپلائی پر دباؤ بڑھایا ہے۔
دوسری جانب خلیجی خطے سے خام تیل کی برآمدات میں کچھ بحالی دیکھی گئی ہے، تاہم ڈیزل سمیت ریفائنڈ مصنوعات کی ترسیل اب بھی نسبتاً متاثر ہے۔


