روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ایک ہی گروپ رکھنے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا پلیٹ فارم ریو اسپورٹز کے مطابق پاکستان کا بھارت کے خلاف ریکارڈ متاثر کن نہیں ہے، پاکستان نے جون 2017 کے بعد سے آئی سی سی ایونٹس کے 50 اوورز کے فارمیٹ میں بھارت کو شکست نہیں دی۔ پاکستان نے آخری بار 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمرشل پارٹنرز نے بھی پاک بھارت مقابلے کو گروپ اسٹیج میں لازمی قرار دیا ہے۔
خیال رہے آئی سی سی ایونٹس میں پاک بھارت مقابلے کو براڈ کاسٹرز اب بھی اہم سمجھتے ہیں۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کل کیپ ٹاؤن میں کیا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہو گی۔
ورلڈ کپ کی میزبانی کون کون سے ممالک کریں گے؟
14 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اگلے سال 2 اکتوبر سے 21 نومبر2027 تک جنوبی افریقا، نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی، بنگلہ دیش اس وقت نویں نمبر پر ہونے کے باوجود ورلڈ کپ میں جگہ بنائے گا کیونکہ تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقا میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔
ٹورنامنٹ تین مراحل میں تقسیم
2027 ورلڈ کپ کو سیمی فائنلز اور فائنل سے قبل تین مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 14 کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں سے کم درجہ رکھنے والی 3 ٹیموں کے درمیان سپر سیریز ہو گی، جس میں تمام ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ اس مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچے گی۔
سپر 7 مرحلہ بھی ہو گا
دوسرے مرحلے میں 30 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں 12 ٹیموں کو 6،6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ دونوں گروپس کی ٹاپ 3 ٹیمیں اور دونوں گروپس میں مجموعی طور پر اگلی بہترین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔
سپر 7 مرحلے میں 21 راؤنڈ میچز ہوں گے ، اس مرحلے کی ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ سیمی فائنل میں سپر 7 کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم سے ہو گا، جبکہ دوسری پوزیشن والی ٹیم تیسری پوزیشن والی ٹیم کے مدمقابل آئے گی۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔



