پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز اور انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا ون ڈے ٹرائی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز احسن رضا اور شرفدولہ بھی آفیشلز پینل کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز جبکہ ٹرائی سیریز 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 9 سے 13 اکتوبر اور ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز ٹرائی سیریز ختم ہونے کے بعد 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلئے جائیں گے۔
آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی، ناصر حسین امپائرز پینل میں شامل
پی سی بی نے بتایا کہ ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین کو امپائرز پینل میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر وین نائٹس بھی سیریز کے میچز میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ شرفدولہ اور وین نائٹس بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیں گے۔
ٹیسٹ سیریز میں آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے ریفری ڈین کوسکر فرائض انجام دیں گے
دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے ریفری ڈین کوسکر کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ڈین کوسکر راولپنڈی میں اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں بطور میچ ریفری ڈیبیو کریں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے دوران پالیکر اور ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔



