بھمبر: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کابینہ ارکان کے ہمراہ بھمبر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مختلف سیاسی و حکومتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے منصوبوں کا عندیہ دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیرافتخارگیلانی نے کہا کہ پورے ملک میں جاری تعمیر و ترقی نوازشریف کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے اورمضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے جو کردار ادا کیا، پوری دنیا نے اسے دیکھا۔ پاکستان نے مشکل وقت میں جس انداز سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اس سے ملک کی اہمیت مزید واضح ہوئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیرمیں مسلم لیگ ن کے وژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ حکومت کی ترجیح عوام کو بہترسہولیات کی فراہمی اورخطے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔
افتخار گیلانی نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں آزاد کشمیر کے لیے پانچ سالہ منصوبہ بندی سامنے لائی جائے گی۔
ان کے مطابق منصوبہ بندی میں خطے کی ضروریات اور عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں ترقیاتی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے ثمرات پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری طارق فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین ٹیم کا انتخاب کرنے پر قیادت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی تعمیر و ترقی کا ذکر ہوتا ہے تو نواز شریف کا نام سامنے آتا ہے۔
چودھری طارق فاروق نے کہا کہ نئی ٹیم اپنا آپ منوائے گی اور آزاد کشمیر میں تبدیلی لے کر آئے گی۔ حکومت عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
یورپ اور کینیڈا سے سیاحوں کو آزاد کشمیر لانے کے لیے کام کیا جائے گا تاکہ خطے کی خوبصورتی اور سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جاسکے اور مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے۔



