مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی الیکشن میں کامیابی کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، آزاد کشمیر ہائی کورٹ درخواست پر 6 اکتوبر کو سماعت کرے گی۔
فیصل ممتاز راٹھورکے مدِمقابل امیدوار چودھری محسن عزیزنے ان کی انتخابی کامیابی کے خلاف عدالت عالیہ میں درخواست دائرکررکھی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابات میں ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج اورامیدواروں کو فراہم کردہ فارم میں تضادات موجود ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انتخابی نتائج میں مبینہ تضادات کا جائزہ لیا جائے اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کو منسوخ کیا جائے۔
درخواست میں انتخابی عمل اورنتائج سے متعلق مختلف اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، جن پرآزاد کشمیر ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔
عدالت کی جانب سے درخواست سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کے بعد کیس کی کارروائی 6 اکتوبر کو ہوگی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے انتخابی نتائج میں مبینہ تضادات سے متعلق مؤقف پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چودھری محسن عزیزنے فیصل ممتازراٹھور کی کامیابی کوچیلنج کرتے ہوئے عدالت سے انتخابی نتائج کا جائزہ لینے اور کامیابی منسوخ کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔



