صنعا: یمن کے حوثیوں نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر سعودیہ کی حمایت کی تو وہ بھی ہمارے نشانے پر ہو گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی جنگجوؤں کے مشیر عابد محمد الثور نے اپنے ایک انٹرویو میں امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے آبنائے باب المندب کا کنٹرول بھی حاصل کرنے کی کوشش کی تو خطے میں موجود امریکی مفادات اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں کہا کہ امریکی بحری بیڑے کے ذریعے یمن میں مداخلت یا باب المندب کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش حوثیوں کے لیے ’’سرخ لکیر‘‘ ہو گی، ایسی صورت میں امریکا کے خلاف بھی لڑیں گے۔
عابد محمد الثور نے کہا کہ واشنگٹن نے سعودی عرب کی حمایت میں فضائی حملے یا فضائی معاونت فراہم کی تو خطے میں موجود تمام امریکی مفادات کو ہدف تصور کیا جائے گا۔
حوثی مشیر نے مزید دھمکی دی کہ امریکی فوجی کارروائی کی صورت میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کے ساتھ باب المندب کو امریکی بحری جہازوں کے لیے مکمل طور پر بند کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حوثیوں کی یہ دھمکی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے خلاف امریکی مدد طلب کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ حوثیوں کے خلاف ممکنہ فضائی کارروائی پر غور کر چکے ہیں۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان اہم بحری گزرگاہ ہے، جسے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ علاقائی کشیدگی کے باعث بحری آمدورفت اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


