پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی انتظامات سخت کئے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے پمز اور پولی کلینک کے اسپتالوں میں عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ احتجاج کے پیش نظر پنجاب اور سندھ سے پولیس نفری بھی طب کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستے اس وقت کھلے ہیں، اندرون شہر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
ایس پی انڈسٹریل ایریا ڈاکٹر ایاز نے شہریوں کو صورتحال سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی راستے کی ممکنہ بندش کا فیصلہ احتجاج کی صورتحال اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
پولیس کی راستوں سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کرنے کی اپیل
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے متعلق بروقت آگاہ کیا جائے گا، ٹریفک اور راستوں کی صورتحال کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
ایس پی ڈاکٹر ایاز نے عوام سے اپیل کی کہ راستوں کی بندش یا ٹریفک سے متعلق معلومات کے لیے صرف اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم ریڈیو سے نشر ہونے والی معلومات کو ہی مستند سمجھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
“راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا فیصلہ نہیں ہوا، انتظامیہ”
دوسری جانب راولپنڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں آج تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ انٹرا سٹی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بحال ہے، راولپنڈی اسلام آباد کی رابطہ سڑکیں بھی کھلی ہیں، اندرون شہر اور دیگر علاقوں کو ملانے والے راستے بھی کھلے ہیں، راولپنڈی میں کہیں کوئی شاہراہ بند نہیں کی گئی ، امن و امان کی صورتحال کو دیکھ کر راستوں کی بندش کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا ہے، حکومت کی جانب سے عدالتی احکامات کی روشنی میں ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد کے 24 سرکاری تعلیمی ادارے بند
سیاسی جماعتوں کے احتجاج اور لانگ مارچ کے پیش نظر مختلف صوبوں سے سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے آنے والے پولیس اہلکاروں کی رہائش کے لیے اسلام آباد کے 24 سرکاری تعلیمی ادارے آج منگل سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور کسان اتحاد نے اسلام آباد میں مختلف تاریخوں پر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی-6/1، جی-6/2، ایف-6/4، ایف-7/2، جی-7/3، جی-8/1، جی-9/2، جی-9/3، جی-10/4، جی-13/2، آئی-9/4 اور آئی-10/2 سمیت مختلف سیکٹرز میں واقع اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بری امام، ملپور، ترنول، سہالہ، پہاگ پنوال، ایچ-9 سیکٹر اور راول ڈیم کے علاقے سمیت دیہی اور مضافاتی علاقوں کے تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے، تاہم وفاقی دارالحکومت کے دیگر تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔



