مصر کے معروف فٹبالر محمد صلاح سے ترک عوام کی والہانہ عقیدت کا منفرد انداز سامنے آیا ہے، جہاں ان کی ایک تصویر نے ترکیے کی وادی کو فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
گلف نیوز کے مطابق محمد صلاح نے چند روز قبل ترکیے کے دورے کے دوران طرابزون کی وادی کورت دیرہ کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے وادی میں ایک پتھر پر بیٹھ کر تصویر بنوائی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
محمد صلاح کی یہ تصویر سامنے آنے کے بعد ترک فٹبال شائقین کی بڑی تعداد نے اسی مقام کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ شائقین اس پتھر کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ اس پر بیٹھ کر تصاویر اور ویڈیوز بھی بنانے لگے۔
Mohamed Salah visited a river and took a picture sitting on a rock and posted it on Instagram. It’s now become a tourist attraction. @cilingir61_61 https://t.co/hbCAgaHO8S
— DaveOCKOP (@DaveOCKOP) September 21, 2026
رپورٹس کے مطابق شائقین کی مسلسل آمد کے باعث وادی کے اطراف میں چہل پہل بڑھ گئی، لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر وہاں کھانے پینے کے اسٹالز بھی قائم ہو گئے۔ جبکہ ترک فٹبال شائقین نے وادی کا نام محمد صلاح سے منسوب کر دیا۔
پتھر کو “صلاح تاشی” کا نام دے دیا گیا، “صلاح پلیٹو” کا سائن بورڈ بھی نصب
مقامی افراد نے اس پتھر کو “صلاح تاشی” کا نام دے دیا، جبکہ وہاں “صلاح پلیٹو” کے نام سے ایک سائن بورڈ بھی نصب کر دیا گیا ہے۔
34 سالہ محمد صلاح نے لیورپول میں 9 سال گزارنے کے بعد رواں سال ٹرابزون اسپور سے دو سالہ معاہدہ کیا ہے، جہاں ان کی سالانہ تنخواہ 17 ملین یورو طے ہوئی ہے، جو ترک سپر لیگ میں سب سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
لیورپول میں اپنے دور کے دوران وہ پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ سمیت متعدد اہم اعزازات جیت چکے ہیں۔



