مانچسٹر: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بابر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ “جب تمہیں کچھ پتا ہی نہیں تھا تو کیا چھولے بیچنے آئے ہو”
مانچسٹر میں ایک فنڈ ریزنگ پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم میں 7 کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی سے بابر اعظم کے لاعلم ہونے سے متعلق سوال پر سخت ردعمل دیا۔
انہوں نے بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے بعد بابراعظم کو چاہیے تھا کہ وہ صرف بطور کھلاڑی کھیلیں۔
وسیم اکرم نے 7 کھلاڑیوں اور کوچز کو ہٹائے جانے پر بابراعظم کی بے خبری کے عذر کو مسترد کرتے ہوئے سخت الفاظ میں سوال اٹھایا کہ اگر کپتان کو ٹیم میں ہونے والی اتنی بڑی تبدیلیوں کا علم ہی نہیں تھا تو پھر وہ یہاں چھولے بیچنے آئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ایک لیڈر اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا نہیں ہوتا، ٹیم کبھی بھی سو فیصد کارکردگی نہیں دے سکتی، اس لیے دوسرے ٹیسٹ کے بعد بابر کو خود دستبردار ہو کر صرف بطور کھلاڑی کھیلنے کا اعلان کر دینا چاہیے تھا۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست ہوئی اور تیسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان 8 وکٹوں سے میچ ہار گیا تھا اور انگلینڈ نے سیریز تین صفر سے جیت لی۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے دورے کے بعد بابر اعظم کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کا فوری فیصلہ نہیں کیا گیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹ میں تسلسل برقرار رکھنے پر غور کر رہا ہے۔ پاکستان کی اگلی ٹیسٹ سیریز نومبر میں سری لنکا کے خلاف شیڈول ہے۔


