واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے کارروائی کی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے امریکی کارروائی کے جواب میں عالمی بحری جہازوں کو خوفزدہ کیا، جس کے باعث توانائی کی قیمتیں بلند ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حکومت توانائی کی قیمتیں کم کرنے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
امریکی نائب صدر میڈیا پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ صدر ٹرمپ میڈیا اداروں پر پابندی عائد نہیں کر رہے، بلکہ پروپیگنڈا کرنے والے میڈیا اداروں کو خصوصی رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری ہتھیار حاصل کرنا خطے اور دنیا میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو بڑھا سکتا ہے، اسی لیے امریکا ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے کو بنیادی اہمیت دے رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے تصدیق کی کہ آبنائے ہرمز کے اوپر جدید امریکی جاسوس ایم کیو ون ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔ اس ڈرون کو مقامی ساختہ نظام کی فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا، اور یہ کارروائی مربوط قومی فضائی دفاعی نظام کے تحت کی گئی۔
واضح رہے کہ ایران بارہا اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کا دعویٰ کر چکا ہے اور خطے میں کسی بھی دشمن سرگرمی کے خلاف خبردار کرتا رہا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو بھی ایرانی فوج نے امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو مار گرایا تھا۔ آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورس نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے زیر کنٹرول نئے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے قشم جزیرے کے اوپر اس بغیر پائلٹ طیارے کو روک کر تباہ کر دیا تھا۔
ایرانی مسلح افواج کے ‘خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز’ نے امریکا اور خطے کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کا بھرپور فوجی ردعمل دیا جائے گا۔


