رحیم یار خان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کو جینے دو، پیٹرول پر جگا ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔
جماعت اسلامی کا کراچی سے شروع ہونے والا ٹرین مارچ رحیم یار خان پہنچنے پر ریلوے اسٹیشن پر استقبال کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے اسٹیشن پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے اور پرامن ہی رہے گا۔ عوام اضافی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ پیٹرول لیوی کی مد میں 130 روپے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں، لیکن ہم قوم کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے نکلے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر بھتہ ٹیکس سے عوام کو نجات دلائی جائے اور قوم کو جینے دیا جائے۔ پیٹرول پر لیوی کو جگا ٹیکس کے طور پر کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ اور جب تک پٹرولیم لیوی ٹیکس ختم نہیں کیا جاتا، احتجاج ختم ہوگا نہ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹیں گے۔
انہوں ںے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے لیکن یہی بات کی گئی ہے کہ لیوی بھتہ ختم کیا جائے، اگر بات ہوئی تو ٹھیک نہیں تو ہم تو آگے بڑھ ہی چکے ہیں، اور ہم نے پہلا مرحلہ گزار دیا ہے اب ہم دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے، ہم نے لیوی بھتہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اگر بات چلی تو ٹھیک ورنہ ہم آگے بڑھ چکے ہیں: حافظ نعیم الرحمان @NaeemRehmanEngr کی ٹرین میں کارکنوں سے گفتگو#جماعت_اسلامی_لانگ_مارچ pic.twitter.com/J8Zq0fGmj9
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) September 21, 2026
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملتان پہنچیں گے اور بلوچستان سے بھی مارچ شروع ہو چکا ہے۔ لوگ پہاڑوں اور میدانوں سے بھی آ رہے ہیں، اب حکومت کے پاس ایک ہی گنجائش ہے کہ وہ بھتہ لیوی ختم کرے۔



