ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ 2026 کے شیڈول کے مطابق ایونٹ 14 سے 20 نومبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش پہلی مرتبہ بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 14 نومبر کو ہوگی جبکہ فائنل 20 نومبر کو بشندھارا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، شیڈول کے مطابق پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 16 نومبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا مقابلہ 17 نومبر کو ہو گا جبکہ قومی ٹیم کا تیسرا میچ 18 نومبر کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 19 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی، جس کے بعد فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 13 نومبر کو بنگلہ دیش پہنچے گی اور ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کا شاندار ریکارڈ
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا بین الاقوامی سطح پر شاندار ریکارڈ رہا ہے، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے مطابق قومی ٹیم بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچوں ایڈیشنز، 1998، 2002، 2006، 2014 اور 2018 کے فائنل تک پہنچی جبکہ 2002 اور 2006 میں مسلسل دو ورلڈ کپ جیتے۔
ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان دو مرتبہ فائنل کھیل چکا ہے، قومی ٹیم نے 2012 اور 2017 کے ایڈیشنز میں رنر اپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان نے 2023 کے آئی بی ایس اے ورلڈ گیمز میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر گولڈ میڈل بھی حاصل کیا تھا۔
رواں برس بنگلہ دیش میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ خطے کی پانچ ٹیموں کے درمیان مقابلے کا اہم ایونٹ ہوگا، جس میں پاکستان کو سری لنکا، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔



