لاہور: پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں ایم آئی ٹی سلوشن کے بیٹر محمد فاروق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا پاکستانی ریکارڈ قائم کردیا۔
محمد فاروق نے اپنی جارحانہ اننگز کے دوران صرف 99 گیندوں پر 163 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 14 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان نے 1967 میں چار روزہ میچ کے دوران ایک اننگز میں 13 چھکے لگائے تھے۔ انہوں نے گلیمورگن کاؤنٹی کلب کے خلاف پاکستان اے کے ٹور میچ میں 147 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
محمد فاروق کی 14 چھکوں پرمشتمل اننگز نے ماجد خان کا تقریباً چھ دہائیوں پرانا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
یوں انہوں نے پاکستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک اننگز میں 12 چھکے لگانے کا ریکارڈ ریلویز کے گل فراز خان کے پاس تھا۔
گل فراز خان نے 1976 میں پاکستان یونیورسٹیز الیون کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس کے دوران انہوں نے 12 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق نے 14 چھکوں کے ساتھ نہ صرف گل فراز خان کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا بلکہ ماجد خان کے 13 چھکوں کے ریکارڈ کو بھی توڑتے ہوئے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
