اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم میں عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم نے فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی فوری طور پر اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اب 20 سال پرانی موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی چلانے والے افراد بھی فیول ریلیف اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس کے علاوہ یکم جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی بھی اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہوں گے۔ حکام کو اسکیم میں نئی کیٹیگریز کی شمولیت کے لیے ضروری اقدامات فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس اسکیم میں 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو بھی ریلیف دیا گیا ہے لیکن گاڑی یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونی چاہیے۔ اس سے قبل رجسٹرڈ گاڑیوں کو ریلیف نہیں مل رہا ہے اور گاڑی پرانی ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیا جاتا ہے۔
فیول ریلیف اسکیم کا مقصد
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنا اور کم آمدن والے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو براہ راست مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف سکیم میں عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کر دی.
وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو فی الفور شامل کرنے کی ہدایت، یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں،…
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 18, 2026
اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف کا اعلان کیا گیا تھا۔
اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل ایس ایم ایس اور آن لائن نظام کے ذریعے شروع کیا گیا جبکہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے گئے، اب 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں اور چنگ چی رکشوں کو شامل کرنے سے اسکیم کے دائرہ کار میں مزید لوگ آئیں گے جو اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔



