امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمنٰ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 یا 24 ستمبر تک پہنچ جائیں گے اس سلسلے میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے، حکومت پیٹرولیم لیوی فوری ختم کرے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا سلسلہ بند کیاجائے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو شدید مشکل میں ڈال دیا ہے، حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے کو تیار نہیں جبکہ دیا گیا ریلیف ناکافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر معیشت حکومت کے ہاتھ میں نہیں تو پھر کس کے ہاتھ میں ہے؟ ڈھٹائی کی حد ہے کہ 11ارب روپے کا جہاز لے کر کہتے ہیں لے لیا تو کیا ہوا، جب رسیدوں پر شور مچے تو دکھا کر کہا جاتا ہے کہ ہماری مرضی، جو رقم جہاز کے تیل کی جمع کرائی گئی اس کا گوشواروں میں ذکر نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں لانگ مارچ سے متعلق بتایا کہ 23 یا 24 ستمبر کو ہم اسلام آباد پہنچ جائیں گے، اسلام آبادآنے کا مقصد ریلیف مانگنا ہے، حکومت نے مذاکرات میں تسلیم کیا مگرعمل کچھ نہیں کیا جا رہا۔
حافظ نعیم نے بتایا کہ انہوں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے حوالے سے اجازت نامے کے لیے حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
لانگ مارچ کا شیڈول جاری
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق 20 ستمبر کو کراچی سے ٹرین مارچ کی صورت میں لانگ مارچ کا آغاز ہو گا جو21 ستمبر کو ملتان پہنچے گا۔
شیڈول کے مطابق 22 ستمبر کو روڈ کارواں کی صورت میں قافلے ملتان سے لاہور روانہ ہوگا، 23 ستمبر کو لاہور سے بذریعہ جی ٹی روڈ لانگ مارچ اسلام آباد میں داخل ہو گا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے لاہور میں فیصل چوک پر جاری اپنا دھرنا ختم کر دیا ہے۔



