کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حکومت کو پیٹرولیم لیوی کا فیصلہ ہر صورت واپس لینا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے، لیکن اگر نوجوان باہر نکل آئے تو یہ لوگ ٹھہر نہیں سکیں گے اور چپلیں چھوڑ کر بھاگیں گے۔
انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پٹرولیم لیوی اور بھتہ ختم نہ کیا گیا تو تحریک حکومت کے گھیراؤ تک پہنچ جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل کراچی میں ہی موجود ہوں گے جہاں تاریخی جلسہ ہو گا، جبکہ پرسوں لاہور میں بڑا جلسہ کیا جائے گا، اور اس کے بعد مردان اور پشاور میں جلسے ہوں گے اور پھر دوبارہ اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔
انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایک نام نہاد میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کسی صورت لاک ڈاؤن نہیں چلنے دیا جائے گا۔ حکومت اپنی عیاشیاں کم کرے اور عوام پر سارا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف سے سودی نظام ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سود کی لعنت معیشت کو تباہ کر رہی ہے، جبکہ سود کے خاتمے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور صنعتیں چلیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سودی نظام کے خلاف تحریک شروع کی گئی تو حکومت کے لیے حالات مشکل ہوجائیں گے۔ دوسری جماعتوں میں آٹا، چینی اور آئی پی پیز مافیا موجود ہے، جبکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل پر بات کرتی ہے۔



