لندن: پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
پاکستان اور انگلینڈ انڈر 19 کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کھیلی گئی۔ انگلینڈ میں کھیلی گئی سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی۔
پاکستان انڈر 19 نے سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنائے۔ فرحان یوسف 80 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جبکہ عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 79، 79 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یوں پاکستان نے میچ 200 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔
واضح رہے کہ سیریز کے تیسرے میچ میں انگینڈ نے پاکستان کو 2 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 303 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا سکی تھی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ انڈر 19 نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے، اور پاکستان کے رضوان اللّٰہ نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے انگلینڈ کو 122 رنز سے شکست دی تھی جس میں عبدالقادر کی جارحانہ سنچری شامل تھی۔ جبکہ پہلا ون ڈے بھی پاکستان نے 177 رنز سے جیتا تھا۔



