اسلام آباد: پاکستان کے پہلے پائیدار ترقیاتی پانڈا بانڈ کو 2026 اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایوارڈ پر کلائمیٹ بانڈز انیشی ایٹو، چین کی حکومت، اے آئی آئی بی، اے ڈی بی، سرمایہ کاروں اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک کامیاب مالیاتی لین دین نہیں بلکہ عالمی سرمایہ کے نئے ذرائع تک پاکستان کی بڑھتی رسائی، بین الاقوامی شراکت داری اور پائیدار مالیاتی ذرائع کی جانب پیش رفت کی علامت ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خزم شہزاد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو پائنیر سسٹین ایبل سوورین پانڈا بانڈ ایشوئر ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان نے مئی 2026 میں 1.75 ارب چینی یوآن مالیت کا پہلا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پانڈا بانڈ جاری کیا تھا۔
انہوں نے بانڈ سے ہونے والی آمدن پر کہا کہ بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے گرین اور سماجی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ تین سالہ بانڈ 2.5 فیصد کوپن پر جاری کیا گیا، جبکہ اس کی طلب اجرا سے پانچ گنا زیادہ رہی۔
خرم شہزاد نے کہا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو نئے اور بڑے ادارہ جاتی سرمائے تک رسائی حاصل ہوئی، خودمختار فنانسنگ کے ذرائع میں اضافہ ہوا اور پاک چین مالیاتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ لین دین حکومت پاکستان، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، چینی حکام، مالیاتی مشیروں اور انڈر رائٹرز کے تعاون سے مکمل ہوا۔


