سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ملاقات کی ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق جدہ میں ہونے والی ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، باہمی دلچسپی کے اموراورسعودی عرب و امریکا کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اورامریکا کے درمیان دفاعی تعاون خطے کی سیکیورٹی کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے جبکہ حالیہ صورتحال کے باعث خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی دونوں جانب سے نظر رکھی جارہی ہے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
دریں اثنا یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب میں ڈرونز اور میزائلوں سے مزید حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی تنظیم کے مطابق سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط میں واقع ایئر بیس کو ڈرونزاورمیزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
انصار اللہ کا کہنا ہے کہ خمیس مشیط ایئر بیس سعودی عرب کے اہم فوجی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔
تاہم سعودی حکام کی جانب سے حوثیوں کے حملے کے دعوے پر فوری طور پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ملاقات اور حوثیوں کے تازہ حملے کے دعوے نے خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔



