الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 2 جولائی کے بعد ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 94 ہزار 818 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا، جس کے بعد ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہو گئی ہے۔ 2 جولائی کے بعد پنجاب میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
خیبر پختونخوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہو گئی، 2 جولائی کے بعد صوبے میں 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔
اس کے علاوہ سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی ہے ، جہاں اس عرصے کے دوران 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 154 ہو گئی ہے، جہاں 2 جولائی کے بعد 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہو گئی، اس عرصے کے دوران اسلام آباد میں 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔
بڑے شہروں اور اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں فرق سامنے آیا، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن کے مطابق آبادی کے لحاظ سے بڑے شہروں اور اضلاع میں بھی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے، لاہور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 74 لاکھ 12 ہزار ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق فیصل آباد میں 55 لاکھ 83 ہزار 461، راولپنڈی میں 34 لاکھ 95 ہزار ایک، ملتان میں 32 لاکھ 77 ہزار 884 ، گوجرانوالہ 29 لاکھ 62 ہزار 772 اور سیالکوٹ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29 لاکھ 60 ہزار 283 ہے۔
کراچی کے مختلف اضلاع میں بھی بڑی تعداد میں ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ کراچی سینٹرل میں 22 لاکھ 77 ہزار 495، کراچی ایسٹ میں 18 لاکھ 6 ہزار 179، کراچی کورنگی 16 لاکھ 30 ہزار 590، کراچی ساؤتھ 13 لاکھ 13 ہزار 906 جبکہ کراچی ویسٹ میں 10 لاکھ 25 ہزار 410 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں 12 لاکھ 87 ہزار 640، خیرپور میں 14 لاکھ 50 ہزار 378، نوشہرو فیروز میں 9 لاکھ 97 ہزار 162 اور بدین میں 9 لاکھ 96 ہزار 858 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور 22 لاکھ 45 ہزار 452 رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ نمایاں ہے، جبکہ مردان میں 16 لاکھ 43 ہزار 274، مانسہرہ 11 لاکھ 82 ہزار 277، چارسدہ 11 لاکھ 38 ہزار 99 اور سوات میں 9 لاکھ 12 ہزار 653 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ 9 لاکھ 48 ہزار 657 رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ سب سے بڑا ووٹر ضلع ہے۔ پشین میں 3 لاکھ 47 ہزار 91، خضدار میں 3 لاکھ 20 ہزار 871، کیچ 2 لاکھ 87 ہزار 518، نصیرآباد 2 لاکھ 57 ہزار 501، چمن 2 لاکھ 7 ہزار 882، حب ایک لاکھ 52 ہزار 866، ڈیرہ بگٹی میں ایک لاکھ 52 ہزار 555، جعفرآباد ایک لاکھ 50 ہزار 352 جبکہ گوادر میں ایک لاکھ 49 ہزار 337 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 39 لاکھ 27 ہزار 116 تک پہنچ گئی
دوسری جانب ملک میں خواتین ووٹرز کی تعداد بھی 6 کروڑ 39 لاکھ 27 ہزار 116 تک پہنچ گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق 90 لاکھ 14 ہزار 985 ہے۔ لاہور خواتین ووٹرز کے اعتبار سے بھی سرفہرست ہے، جہاں 35 لاکھ 49 ہزار 226 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ملک میں ووٹر رجسٹریشن کے عمل اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔


