امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی۔
انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اعلان کردہ خصوصی ریلیف اسکیم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی وزیراعظم کی اسکیم کا جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے آج رات اپنا موقف دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ اسکیم سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری جماعت اسلامی کی جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنی چاہیے، انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ریلیف اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی موقف سامنے لائے گی۔
The countdown to Islamabad has begun! 🇵🇰✊
For 28 days, nationwide sit-ins have continued against the unjust Petroleum Bhatta Levy. Now, Hafiz Naeem-ur-Rehman has announced the JI March to Islamabad on 20 September.
The people will not accept unjust taxes and economic… pic.twitter.com/lljYJ7FXPZ
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) September 13, 2026
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے دھرنے جاری ہیں اور جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا۔
وزیراعظم کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
خصوصی اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف ملے گا۔
اس طرح دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 3 ہزار روپے تک ریلیف حاصل ہوگا۔
مشرق وسطی میں حالیہ کشیدگی اور اسکے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا عوام پر بوجھ بڑھنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ایک خصوصی ریلیف سکیم کا اجراء کر دیا گیا ہے.
وزیر اعظم نے سکیم کا اجراء کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں…
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) September 13, 2026
وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔
خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بھی آج سے کردیا گیا ہے، جبکہ اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔



