انڈونیشیا میں مسافروں سے بھری کشتی لاپتا ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک ہو گیا، 103 کو بچا لیا گیا جبکہ 139 کی تلاش جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی جاوا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے شہر بنجرماسن جا رہی تھی کہ بندرگاہ سے 148 کلومیٹر دور حادثے کا شکار ہو گئی۔
انڈونیشین ریسکیو ایجنسی کے مطابق کشتی پر 243 مسافر سوار تھے، 103 مسافروں کو سمندر سے نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایک مسافر کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی کے عملے سے آخری بار رابطہ ہونے پر خراب موسم کا سامنا کرنے کا بتایا گیا تھا۔
Satu orang dilaporkan meninggal dunia dan 102 orang berhasil diselamatkan setelah kapal feri Virgo Transport 8 hilang kontak di Laut Jawa.
Kapal tersebut membawa 243 penumpang dari Surabaya menuju Banjarmasin sebelum menghadapi cuaca buruk. Operasi SAR masih berlangsung untuk mencari penumpang lainnya.
— Sputnik Nusantara (@Spt_Nusantara) September 13, 2026
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی نے فوری کارروائی شروع کر دی۔ ریسکیو آپریشن میں امدادی کشتیاں اور ایک ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے۔
جاوا سمندر کے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ سمندر میں کسی مسافر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
گزشتہ ماہ بھی انڈونیشیا میں مدورا جزیرے کے قریب ایک مسافر فیری میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
انڈونیشیا 17 ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل ملک ہے، جہاں جزائر کے درمیان آمدورفت کے لیے مسافر فیریاں عام طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ خراب موسم اور سمندری حالات کے باعث ایسے واقعات رونما ہو جاتے ہیں۔



