گوگل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید موسمیاتی پیشگوئی کا نظام ویدر نیکسٹ تھری ( Weather NeXT 3) متعارف کرا دیا، جس کا مقصد دنیا بھر میں موسم کی پیشگوئی کو زیادہ تیز، تفصیلی اور درست بنانا ہے۔
منٹ مرر کی رپورٹ کے مطابق گوگل ڈیپ مائنڈ اور گوگل ریسرچ کی جانب سے تیار کردہ Weather NeXT 3 کو عالمی سطح پر موسمی پیشگوئی کے لیے نئی نسل کا اے آئی ماڈل قرار دیا گیا ہے، یہ نظام جیو اسٹیشنری سیٹلائٹس سے حاصل ہونے والی براہ راست تصاویر کے ساتھ زمینی موسمی اسٹیشنز سے جمع کیے گئے ڈیٹا کو استعمال کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق نیا نظام روایتی عددی موسمی ماڈلز پر انحصار کم کرتا ہے، جنہیں موسم کی پیشگوئی کے لیے زیادہ کمپیوٹنگ وسائل اور وقت درکار ہوتا ہے۔
ویدر نیکسٹ تھری ہر گھنٹے نئی موسمی پیشگوئی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کی مقامی تفصیل 5 کلومیٹر تک ہے۔ اس کے نتیجے میں طوفان، موسمی محاذوں اور دیگر شدید موسمی حالات میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کی زیادہ بہتر نگرانی ممکن ہوگی۔
نظام زمین کی سطح کے قریب درجہ حرارت اور نمی سے متعلق معلومات بھی 5 کلومیٹر تک کی ریزولوشن پر فراہم کرتا ہے جبکہ ہواؤں کی پیمائش 10 کلومیٹر تک کی ریزولوشن پر کی جاسکتی ہے۔
نئے اے آئی ماڈل کی نمایاں خصوصیات میں بارش کی پیشگوئی بھی شامل ہے۔ گوگل کے مطابق Weather NeXT 3 روایتی عددی موسمی ماڈلز کے مقابلے میں بارش کی پیشگوئی سے متعلق اہم پیمانوں میں غلطی کو 50 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام صاف توانائی کے شعبے کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے، گرڈ آپریٹرز اور قابل تجدید توانائی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو 100 میٹر بلند ونڈ ٹربائنز کی سطح پر ہوا کی رفتار، مختلف بلندیوں پر بادلوں کی صورتحال اور شمسی تابکاری سے متعلق خصوصی معلومات فراہم کی جاسکیں گی۔
Weather NeXT 3 کو گوگل کی متعدد مصنوعات اور سروسز میں شامل کیا جا رہا ہے، جن میں گوگل سرچ، جیمنائی، گوگل میپس، گوگل میپس پلیٹ فارم ویدر اے پی آئی اور گوگل ارتھ انجن شامل ہیں۔
Google just unveiled WeatherNext 3, its most advanced and accurate global weather AI model yet.
Built by Google DeepMind and Google Research, the new model learns directly from real-time observations and raw satellite data to produce high-resolution forecasts every hour.
These… pic.twitter.com/EhdHfESByZ
— ATK (@andytng28) September 4, 2026
گوگل کے مطابق نیا نظام ایک دن یا اس سے زیادہ پہلے موسم کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونے والی پیشگوئیوں کو بھی بہتر بنائے گا جبکہ بارش کی پیشگوئی میں 50 فیصد تک زیادہ درستگی حاصل ہوسکتی ہے، جس کے سب سے زیادہ فوائد ان خطوں کو متوقع ہیں جہاں روایتی طور پر موسمی پیشگوئیاں کم قابل اعتماد رہی ہیں۔
موسمی پیشگوئی میں اے آئی کا بڑھتا ہوا استعمال شدید موسم کی بروقت نشاندہی، شہری منصوبہ بندی، زرعی فیصلوں، قدرتی آفات سے نمٹنے اور قابل تجدید توانائی کے بہتر انتظام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔



