سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔ جس کا مقصد کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کرکے اوریجنل مواد تخلیق کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
ایکس کی جانب سے کریئیٹرز کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام کو اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کا نام دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق 7 ستمبر 2026 کو موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا جبکہ 8 ستمبر 2026 سے نئے اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی۔
ایکس نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے سے مکمل ہے اور ادائیگی کا ذریعہ منسلک ہے، انہیں یہ مراحل دوبارہ مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے صارفین اپنے کریئیٹر اسٹوڈیو میں جاکر کسی بھی وقت اپنی اہلیت چیک کرسکیں گے۔
پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ایکس کی مونیٹائزیشن کے آغاز کے بعد پلیٹ فارم پر کاپی شدہ مواد کی بھرمار دیکھنے میں آئی۔ متعدد اکاؤنٹس نے آمدنی کے حصول کے لیے بڑی تعداد میں ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنا شروع کردیں، جبکہ بعض اکاؤنٹس کی جانب سے ٹی وی چینلز کی لائیو نشریات سے ویڈیو کلپس کاٹ کر فوری طور پر ایکس پر اپ لوڈ کیے جاتے رہے۔
اس کے علاوہ ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام سمیت دیگر پلیٹ فارمز کی وائرل ویڈیوز بھی ایکس پر دوبارہ پوسٹ کی جاتی رہیں۔ اس صورتحال کے باعث ایکس کی فیڈ پر اوریجنل اور کاپی شدہ مواد کے درمیان فرق نمایاں ہوگیا اور پلیٹ فارم پر حقیقی کانٹینٹ کریئیٹرز کو مالی فائدہ پہنچانے کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق نئے اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کے ذریعے ایکس کا مقصد ایسے مواد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو دوسرے پلیٹ فارمز یا ذرائع سے نقل کرکے صرف انگیجمنٹ اور آمدنی حاصل کرنے کے لیے پوسٹ کیا جاتا ہے۔



