اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے اور شکایات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کو اپ گریڈ کردیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے اپ گریڈ شدہ سی ایم ایس موبائل ایپ بھی لانچ کردی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین کو شکایات کے اندراج اوران کی پیش رفت جاننے کے لئے زیادہ آسان اورمحفوظ سہولت میسرآئے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق نئی ایپ میں صارفین کی سہولت اورسکیورٹی کو خصوصی طورپرمدنظررکھا گیا ہے جبکہ ایپ میں او ٹی پی بیسڈ ملٹی فیکٹر توثیق کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اپ گریڈ شدہ ایپ اینڈرائیڈ اورآئی اوایس دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، صارفین موبائل فون کے ذریعے اپنی شکایات درج کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا اسٹیٹس بھی ٹریک کرسکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئی ایپ میں شکایات کی جانچ پڑتال کے عمل کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کا نظام پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان بنایا گیا ہے۔
کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں موبائل نمبرز سے متعلق مشتبہ فراڈ کی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے ایک نیا ماڈیول بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس نئے ماڈیول کے ذریعے صارفین مشتبہ موبائل نمبرزسے متعلق فراڈ یا غیرمعمولی سرگرمیوں کی رپورٹ براہ راست پی ٹی اے کوکرسکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئی ایپ کا مقصد صارفین کوشکایات کے اندراج اوران کے ازالے کے عمل میں زیادہ سہولت فراہم کرنا، نظام کومزید شفاف بنانا اورٹیلی کام سروسزسے متعلق شکایات کے بروقت حل کو یقینی بنانا ہے۔
