امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عوام پر پٹرولیم لیوی کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے رابطہ کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے عوام پر عائد پیٹرولیم لیوی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں، ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہنگائی اور عوامی مسائل پر مشترکہ اور مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقیقی مسائل پر آواز اٹھا رہی ہے جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے مؤثر کردار کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر وفاق سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی عوامی مسائل کے حوالے سے جمہوری جدوجہد لائقِ تحسین ہے۔
🚨🚨
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مولانا فضل الرحمن، وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی سے رابطہاپوزیشن جماعتیں حکومت کے عوام پر پٹرولیم لیوی کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں ، حافظ نعیم الرحمن
تمام اپوزیشن کو مہنگائی اور عوامی مسائل پر بھرپور آواز اٹھانی چاہیے، حافظ نعیم الرحمن
جماعت…
— Ali Tanoli (@alitanoli889) September 10, 2026
حکومت مذاکرات میں بار بار وقت مانگ رہی ہے، 26 دن دے چکے، مزید وقت نہیں دے سکتے، حافظ نعیم الرحمان
لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں 35 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، عوام پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے دھرنوں میں بیٹھی ہے، دھرنے دینا کوئی معمولی کام نہیں بلکہ لوگ اپنے حق کے لیے گھروں سے نکلے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا رکھی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جہاں سے پاکستان تیل خریدتا ہے وہ متحدہ عرب امارات کا تیل ہے اور یو اے ای کا تیل 110 ڈالر فی بیرل مل رہا ہے، لیکن ہمارا سوال ہے کہ عالمی قیمتیں اپنی جگہ، پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے بھتہ کیوں لیا جا رہا ہے؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے معاملے کا کچا چٹھا حکومت اور میڈیا کے سامنے کھول دیا ہے۔ حکمران کہتے ہیں کہ لیوی نہیں لیں گے تو حکومت کیسے چلائیں گے، لیکن انہوں نے عوام کو تباہ اور بھاری بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ طالب علم، کسان، مزدور اور اساتذہ سمیت کوئی طبقہ بھی پیٹرولیم لیوی کے اثرات سے محفوظ نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کو تیار نہیں جبکہ عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل اور مہنگائی کے خلاف اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
حکومت کے پاس مذاکرات میں کوئی جواب نہیں
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان دو دور ہوچکے ہیں، تاہم حکومت اپنی وزارتوں اور محکموں سے بات کرنے کے لیے بار بار وقت مانگ رہی ہے، ان کے بقول حکومت کے پاس عملاً جماعت اسلامی کی ٹیم کے مطالبات کا کوئی جواب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اسلام آباد مارچ کرنا ہے۔ حکومت کو پہلے ہی 26 دن کا وقت دیا جاچکا ہے، مزید وقت نہیں دے سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکا کا جذبہ دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان ابھی کردیا جائے۔
کل گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان ہوگا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہوں نے مشاورت کے لیے جماعت اسلامی کی ملک بھر سے قیادت کو کل منصورہ طلب کرلیا ہے، کل سہ پہر 3 بجے قیادت کے اجلاس میں اسلام آباد لانگ مارچ کی حتمی تاریخ طے کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ کل گوجرانوالہ کے جلسے میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے احتجاجی تحریک کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔



