پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے شمشتو کیمپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد حساس اداروں اور عبادت گاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں کالعدم داعش خراسان (آئی ایس کے پی) کا ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے، جو دہشتگردی کے 20 مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، ہینڈ گرینیڈز اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پشاور میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، تاہم بروقت کارروائی کرکے ان کے منصوبے ناکام بنا دیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن بھی کیا گیا، جبکہ کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔



