سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا، برطانوی خام تیل کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 105 ڈالرفی بیرل سے تجاوز کرگئی۔
دوسری جانب امریکی خام تیل کی قیمت بھی اضافے کے بعد 99 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی، مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورتجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عالمی منڈی میں مربان خام تیل کی قیمت بھی 116 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق بحیرہ احمردنیا کی اہم تجارتی گزرگاہوں میں شامل ہے اور یہاں جہاز رانی میں رکاوٹ کے خدشات عالمی توانائی مارکیٹ پر براہ راست اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
حوثیوں کے حملوں کے باعث سرمایہ کاروں میں سپلائی کے حوالے سے بے یقینی بڑھی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔



