بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس اہلکار کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سابق رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید کی سزا سنا دی۔
جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقویوم لہڑی پر مشتمل ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے صوبائی حکومت کی جانب سے دائر اپیل منظور کرتے ہوئے 4 ستمبر 2020 کو ماتحت عدالت کی جانب سے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت عالیہ نے 4 ستمبر 2020 کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنایا گیا بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور عبدالمجید اچکزئی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔
ہائی کورٹ نے مجرم کو 10 سال قید بامشقت کے ساتھ مقتول ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے ٹریفک اہلکار کی ہلاکت کے مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کا بریت کو فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال کی سزا سنادی گئی، فوری گرفتار کرکے جیل بھجوانے کا حکم https://t.co/WjVp7IAq3M
— Muhammad Umair (@MohUmair87) November 10, 2026
بلوچستان ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔ یہ دفعہ لاپروائی یا تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے نتیجے میں ہونے والی حادثاتی موت (قتلِ خطا) کی سزا سے متعلق ہے۔
عدالت نے انہیں جاں بحق ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطا اللہ کے قانونی ورثا کو دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ ایڈیشنل سیشن جج کو عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ جون 2017 میں کوئٹہ کے جی پی او چوک پر تیز رفتار گاڑی نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کو ٹکر مار دی تھی۔ اس وقت سابق رکن اسمبلی عبدالمجید اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے اور گاڑی انہی کی تھی۔
حادثے میں ٹریفک اہلکار شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئے۔
ابتدائی طور پر پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف حادثے کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور ٹی وی چینلز پر بار بار نشر کیے جانے کے بعد بلوچستان پولیس نے سابق ایم پی اے کے خلاف قتلِ خطا کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔ عبدالمجید اچکزئی کا تعلق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) سے ہے۔
واقعے کے چھ ماہ بعد انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) سے ضمانت مل گئی تھی، تاہم 2020 میں کوئٹہ کی ایک ماتحت عدالت نے انہیں مقدمے سے بری کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف بعد ازاں کوئٹہ پولیس نے اپیل دائر کی تھی۔
عبدالمجید اچکزئی، اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ وہ دو مرتبہ بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صوبائی کابینہ میں وزیر بھی رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔



