امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
واضح رہے امریکا ایران کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی اور اس سے جڑے معاملات پر خدشات کے اثرات خام تیل کی قیمتوں پر نمایاں ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 92 ڈالر فی بیرل سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔
دوسری جانب اماراتی خام تیل مربان کی قیمت بھی 106 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی ہے۔
یاد رہے کہ برینٹ خام تیل عالمی سطح پر تیل کی قیمت کے اہم اشاریے کے طور پر استعمال ہوتا ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی امریکی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کا اہم معیار ہے۔ اماراتی مربان خام تیل بھی عالمی تیل مارکیٹ میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے جہاں حکومت نے گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافہ کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 90 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 358 روپے 77 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 72 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 381 روپے 77 پیسے ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 8 ستمبر کے لیے ہے۔


