بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
قلات میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق رواں سال بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران اب تک 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
🚨ISPR 36 Terrorists Eliminated
During comprehensive anti-terrorist operations with increased tempo in Balochistan, Pakistan, in last 12 to 24 hours Security Forces have conducted multiple Intelligence based operations in Mastung, Quetta, Kalat and Sibi District of Balochistan,… pic.twitter.com/3OOYOQbGw4
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) September 4, 2026
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
صدرِ مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی…
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 4, 2026
صدرآصف زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم کا سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور 36 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج کے پیشہ ورانہ عزم کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والی سیکیورٹی فورسز پوری قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2026 کے دوران اب تک بلوچستان میں 1188 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ ریاست کے غیر متزلزل عزم اور سیکیورٹی فورسز کی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کی سکیورٹی فورسز کی ستائش
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن دشمنوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،قوم کی حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


