اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشت گردوں نے این 40 شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کر رکھا تھا، جہاں وہ مسافروں سے بھتہ وصول کر کے آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی پشین کے علاقے زیارت کراس میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش کی۔ تاہم سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر ہے۔ دہشت گرد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا چاہتے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران، کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ شاہراہوں اور مقامی آبادی کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 21 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی سراہا۔
آصف علی زرداری نے 2 افسران، کسٹمز اہلکار اور 6 جوانوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے فرض کی ادائیگی میں جانیں قربان کر کے دفاع وطن کی مثال قائم کی۔
دہشتگ ردی کیخلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 21 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ کسٹمز کے 2 افسران اور ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
دہشت گردوں کا خاتمہ ریاست کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان
سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ نوکچہ ،چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ 21 دہشتگردوں کا خاتمہ ریاست کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے قومی شاہراہوں پر آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیئے۔ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی واضح مثال ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ شہادت پانے والے اہلکاروں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ جبکہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


