یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات سے پاک ویڈیوز دیکھنے کے لیے ستمبر سے زیادہ فیس ادا کرنا ہو گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کی ماہانہ فیس میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تصدیق کر دی۔ نئی قیمتیں صارفین کی اگلی بلنگ سائیکل سے لاگو ہوں گی۔
جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد ہو گی، ان سے نئی شرح کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق بعض یورپی ممالک میں انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.99 یورو سے بڑھا کر 15.99 یورو کردی جائے گی، جبکہ فن لینڈ میں فیس 14.99 سے بڑھ کر 16.99 یورو ہوجائے گی۔ رومانیہ میں قیمت 29 سے بڑھا کر 32 رومانی لیو کردی جائے گی۔
سنگاپور میں انفرادی پلان کی فیس 13.98 سے بڑھ کر 15.98 سنگاپوری ڈالر، جبکہ فیملی پلان 27.98 سے بڑھ کر 31.98 ڈالر ماہانہ ہوجائے گا۔
گوگل کی جانب سے مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کے بعض منصوبوں کی ماہانہ فیس میں 4 ڈالر تک اضافہ کیا گیا تھا۔
یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں عام طور پر بار بار اضافہ نہیں کیا جاتا، تاہم مختلف ممالک میں قیمتیں بڑھانے کا عمل مرحلہ وار کیا جاتا ہے۔

