کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پرانے کپڑوں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا۔ آگ لگنے کے باعث خاتون سمیت 3 افراد متاثر ہوئے۔
ریسکیو کے مطابق پرانے کپڑوں کی فیکٹری میں آگ لگنے کے فوری بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ تاہم آگ کی شدت کے باعث کے ایم سی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122، زون انتظامیہ، رینجرز اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی ریسکیو کے لیے موقع پر پہنچ گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق متاثرہ عمارت گراؤنڈ پلس ٹو ہے اور آگ ابتدائی طور پر گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جو بعد ازاں بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔ دھویں کی شدت زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو کے کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق کے ایم سی فائر بریگیڈ نے 2 باؤزر، 2 اسنارکل اور 10 فائر ٹینڈرز روانہ کیے، جبکہ مزید فائر فائٹنگ ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھویں کے باعث فیکٹری میں موجود 3 افراد بے ہوش ہوگئے، جن میں 2 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں تاہم تینوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ سے متاثرہ فیکٹری کا ایک حصہ گر گیا۔
سکیورٹی گارڈ کے مطابق فیکٹری سے دھواں نکلتے ہی ملازمین باہر آگئے تھے۔
فائر بریگیڈ حکام نے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ سے آتشزدگی کی صورتحال کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لایا جائے۔


