بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ بنگلادیش کے حوالے سے پُرامید ہے، دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان دورے سے متعلق بات چیت جاری ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے بنگلادیش کے دورے سے متعلق دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ دورہ ہوگا۔
یاد رہے بھارت کو 2027-2026 کے سیزن کے دوران بنگلا دیش میں 6 وائٹ بال میچز کھیلنے ہیں، جن میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔
تمیم اقبال نے پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اتنا بتا سکتے ہیں کہ دونوں کرکٹ بورڈز اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں۔بات چیت نتیجہ خیز ہے اور وہ پُرامید ہیں کہ بھارتی ٹیم کا دورۂ بنگلادیش ہوگا۔
کرک انفو کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے مثبت ردعمل موصول ہوا ہے اور امکان ہے کہ بھارت کا دورہ آئندہ سال کے آغاز میں ہوگا۔
دونوں بورڈز میں اختلافات
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے دورۂ بنگلادیش کا اعلان رواں سال 2 جنوری کو کیا تھا۔ تاہم بورڈ کے اعلان کے چند روز بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان معاملات اس وقت خراب ہوگئے جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو نکالنے کا معاملہ سامنے آیا۔
مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے اخراج کے معاملے پر دونوں بورڈز کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اس وقت کی بنگلادیش کی عبوری حکومت نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو فروری میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں بنگلادیش میں نئی حکومت نے بھارت کے ساتھ معاملات حل کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کیا۔
تعلقات میں بہتری
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری اس وقت دیکھنے میں آئی جب نئے بی سی بی صدر تمیم اقبال نے رواں ماہ بھارت کا دورہ کیا۔
تمیم اقبال نے بھارت کے شہر بنگلورو میں بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلنس کا مبینہ طور پر دورہ کیا۔ ان کے دورۂ بھارت کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں بہتری کی توقعات مزید مضبوط ہوئیں۔
بھارتی ٹیم کے دورۂ بنگلادیش کا پس منظر
بھارتی ٹیم کا بنگلادیش کا یہ دورہ ابتدائی طور پر اگست 2025 میں شیڈول تھا، تاہم اسے مؤخر کرکے ستمبر 2026 تک منتقل کردیا گیا تھا۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے رواں سال اس دورے کی تصدیق بھی کی تھی، تاہم اس کے باوجود دونوں بورڈز کی جانب سے دورے کے حوالے سے کوئی باضابطہ شیڈول یا اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔
رواں ماہ کے آغاز میں تمیم اقبال نے بھی عندیہ دیا تھا کہ بھارتی ٹیم کا دورۂ بنگلادیش ایک بار پھر مؤخر ہوسکتا ہے، تاہم پیر کو ان کے بیان سے ظاہر ہوا کہ دونوں بورڈز دورے کو دوبارہ شیڈول میں شامل کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔بی سی بی صدر کے مطابق مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں اور انہیں امید ہے کہ بھارت بنگلادیش کا دورہ کرے گا۔



