بنوں میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا اور ایک لڑکی قتل کر دیے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بنوں کے علاقے خنی کلہ نورڑ میں پیش آیا۔ قتل ہونے والے کمر عمر بچے بہن بھائی تھے جن کی شناخت 8 سالہ نوید اور 14 سالہ اقصی کے طور پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نامعلوم مسلح افراد تھے جو قتل کے بعد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جس کے بعد تفتیش شروع کی جائیگی۔
بنوں میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران خواتین اور بچوں پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماں بچوں سمیت 5 افراد قتل
جون 25 کو بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ماں اور 2 بچوں سمیت کل 5 افراد کو قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بنوں کے تھانہ ککی کی حدود شابری بھرت میں پیش آیا تھا جس میں گولیاں لگنے سے بچی سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
کتے کے بھونکنے پر خاتون قتل
اسی طرح 3 روز قبل یعنی بدھ کو کتے کے بھونکنے پر تنازع کے نتیجے میں باپ بیٹے نے ایک خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق واقعہ بنوں کے تھانہ غوریوالہ کی حدود میں پیش آیا جس کے مرکزی ملزمان شفا علی ولد میر جنان اور گلاب ولد شفا علی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں بھی برآمد کر لی گئیں ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے مریم زئی میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار فاروق شاہ کو شہید کر دیا۔
اسی روز ضلع خیبر میں بھی قتل کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا جس میں پولیس کے مطابق گھریلو مسئلے پر 2 فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں، 2 روز قبل یعنی جمعرات کو ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے فرش میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص قتل اور ایک زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت بہادر جبکہ زخمی کی فراز کے نام سے ہوئی۔



