راولپنڈی، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے حنا جاوید قتل کیس کو ہائی پروفائل کیس قرار دیتے ہوئے مقدمے کی تفتیش اور پراسیکیوشن کی نگرانی کیلئے سینئر پراسیکیوٹرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی کومقدمے کی مؤثر پیروی اورتفتیشی عمل کی نگرانی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کردیں۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرراولپنڈی کی زیرنگرانی متعلقہ پولیس افسران کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس پی پوٹھوہار، ڈی ایس پی اورایس ایچ اوسول لائنز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران خاتون کے قتل کے مقدمے کی تفتیش اور پراسیکیوشن میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے مقدمے سے متعلق دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے تفتیشی پیشرفت، شواہد اور قانونی پہلوؤں پر متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔
اس موقع پر مقدمے کی تفتیش کو میرٹ اورقانون کے مطابق آگے بڑھانے سمیت پراسیکیوشن کے حوالے سے مختلف امور پر بھی غورکیا گیا۔
پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق خصوصی کمیٹی مقدمے کی تفتیش اورعدالتی کارروائی کی مسلسل نگرانی کرے گی تاکہ کیس کو قانونی تقاضوں کے مطابق مؤثرانداز میں آگے بڑھایا جاسکے۔
متعلقہ افسران کو کیس میں پیش رفت سے پراسیکیوشن حکام کو باقاعدگی سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔



