حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق 5سے 7ستمبر تک ہوگا۔
حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور نئے پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت ملک میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔
5 ستمبر سے 7 ستمبر 2026 تک پیٹرول کی قیمت 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر کم کرکے 345 روپے 87 پیسے کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 378 روپے 5 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
گزشتہ روز پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، آج پیٹرول سستا کر دیاگیا اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل سے زائد
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں حالیہ دنوں میں نمایاں بلند سطح پر ہیں۔ 4 ستمبر کو برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 95.29 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 90.76 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران برینٹ میں 6.1 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 8.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے پیدا ہونے والے خطرات نے عالمی منڈی میں رسک پریمیم بڑھایا ہے، اگرچہ اب تک خطے سے تیل کی برآمدات پر بڑا اثر نہیں پڑا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند رہنے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اثر آئندہ چند روز میں ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔


