اسلام آباد، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کے طبی امور کی براہِ راست نگرانی کیلئے ہفتے میں ایک دن اسپتال میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس میں کیا گیا، جس میں شعبہ صحت سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا اورمتعدد فیصلے کیے گئے۔
وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت ہر ہفتے ایک دن پمز اسپتال میں موجود رہیں گے اور وہاں طبی امور کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔
اس اقدام کا مقصد اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے اور دیگر متعلقہ امور کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکریٹری صحت بھی ہفتے میں ایک دن پمز اسپتال میں بیٹھیں گے اور انتظامی و طبی معاملات کی نگرانی کریں گے۔
اس سلسلے میں سیکریٹری صحت پمزاسپتال میں کل موجود ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال جمعہ کے روز اسپتال میں بیٹھیں گے۔
اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا اور اداروں کی کارکردگی، انتظامی امور اور طبی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت صحت کے مطابق وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کی پمز میں براہِ راست موجودگی سے اسپتال کے انتظامی و طبی معاملات کی نگرانی بہتر بنانے اور مسائل کے فوری حل میں مدد ملے گی۔



