اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون کا ایک اہم فورم بن چکی ہے اور یہ 3 ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں میں بامعنی بہتری لائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس سے متعلق اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ اجلاس سے خطاب کرنا ان کے لیے باعث اعزاز تھا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھالنے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2027 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھال لی ہے، جبکہ کرغزستان کو اجلاس کی کامیاب میزبانی اور تنظیم کی مؤثر قیادت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 25 برسوں میں شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون کا ایک اہم فورم بن چکی ہے۔ اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔
پانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی خطے کی زندگی ہے، اسے کبھی ہتھیار نہیں بنایا جانا چاہیے اور مشترکہ پانیوں سے متعلق پابند معاہدوں پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی ایس سی او سربراہی ’’تصور کو عمل میں بدلنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کے تحت چلائے گا۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایس سی او مزید مضبوطی کی جانب گامزن رہے گی اور 3 ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں میں بامعنی بہتری لائے گی۔
وزیر اعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن واستحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے ،ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او کی ترقیاتی حکمت عملی 2035 پر عملدرآمد ضروری ہے، ایس سی او ترقیاتی بینک کا قیام اہم قدم ثابت ہوگا، پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ میں توانائی اور آئی ٹی کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے مؤثر کردار ادا کیا، پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حال ہی میں مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تاہم یہ دفاعی معاہدہ کسی ملک یا ریاست کے خلاف نہیں۔


